معروف بلڈر کی سہولت کاری سے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے دو ملزمان گرفتار

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے گھروں میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

 ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق  گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت دوست سہتو اور شعیب احمد کے نام سے کی گئی جن کے قبضے سے 2 پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ گرفتار ڈاکوؤں کی سہولت کاری میں معروف بلڈر کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس نے ڈاکوؤں کو بن قاسم کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ ماہ 22 ستمبر کو گلشن فلک ناز کے علاقے میں ہاؤس رابری کی واردات کے دوران گھر سے طلائی زیورات ، 4 لاکھ روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹا تھا۔

واردات کے دوران ڈاکوؤں کے تشدد سے 67 سالہ بزرگ شہری جاوید بھی جاں بحق ہوا تھا۔

ترجمان ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ڈاکو بن قاسم کے علاقے میں ہاؤس رابری اور زمینوں پر قبضے میں بھی ملوث رہے ہیں ، گرفتار ڈاکوؤں کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جو کہ ڈکیتی ، ہاؤس رابری ، قتل اور پولیس پر فائرنگ جیسے سنگین مقدمات میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں۔

ایس آئی یو پولیس گرفتار ڈاکوؤں کے گروہ میں شامل دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جبکہ گرفتار ڈاکوؤں کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

Similar Posts