جن تاجروں کو بھتے کی پرچی مل رہی ہے وہ مجھے دے دیں میں رقم ادا کردوں گا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کو پیش کش کی ہے کہ جس کے پاس بھی بھتے کی پرچی آرہی ہے وہ مجھے لاکر دے میں خود بھتہ دے دوں گا۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش مائی کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ لاہور کی ترقی کو دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے اور مجھے امید ہے کہ کراچی بھی انشاء اللہ ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے بھتے کی پرچیاں ملنے کی شکایات کیں، انہیں کہتا ہوں کہ اگر اب کسی کے بھی پاس بھتے کی پرچی آئے وہ مجھے لاکر دے میں خود بھتہ دے دوں گا۔

کراچی میں آتشزدگی کے واقعات پر گورنر سندھ نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں مگر اس پر قابو پانے کا انتظام ہونا چاہیے جبکہ حکمت عملی بنانے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے لیے مخیر حضرات سے 50 فائر ٹینڈرز فراہم کرنے کی بات کی ہے اور انشاء اللہ اس میں جلد پیشرفت ہوگی۔ کراچی شہر فلاحی اداروں کو 250 ارب روپے کے عطیات دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں کراچی کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اس لیے شہر کی ترقی بہت ضروری ہے اور انشاء اللہ کراچی ترقی کرے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کا کسی کو خوف نہیں ہے، ہم دس مئی جیسے جواب سے آپکو جواب دیں گے، دنیا بھی سمجھ رہی ہے کہ افغانستان سے بھارتی اسپانسپر دہشت گرد پاکستان میں سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مائی کراچی تیرا کراچی میں بدل گیا ہے، آئیے اسے ہمارا کراچی بناتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گل پلازہ کے متاثرین کے لئے سندھ حکومت نے کراچی چیمبر کے ساتھ جو کام کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 

 

Similar Posts