ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل کہاں کھیلا جائے گا؟

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں ٹورنامنٹ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

بھارتی خبر رساں ادارے دی انڈین ایکسپریس کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا اور اس حوالے سے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد کو میگا ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کے مضبوط امیدوار کے طور پر شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول اور وینیوز کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

بورد آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ حکام کی حالیہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اس بار ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے مقابلے کم شہروں میں کھیلا جائے گا جب کہ ہر میزبان شہر میں کم از کم 6 میچز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے احمد آباد، دہلی، کولکتہ، چنئی اور ممبئی کو میزبانی کے لیے شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ساتھ ہی سری لنکا کے تین اسٹیڈیمز میں بھی میچز کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم ان مقامات کا حتمی انتخاب باقی ہے۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ بنگلورو اور لکھنؤ کو میچز کی میزبانی کے لیے شامل کیا جائے گا یا نہیں کیوں کہ بھارت سری لنکا کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔

بی سی سی آئی نے طے کیا ہے کہ وہ اسٹیڈیمز جہاں آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ کے میچز ہوئے تھے، جن میں گوہاٹی، وشاکھاپٹنم، اندور اور نوی ممبئی شامل ہیں، اس بار مردوں کے میگا ایونٹ کے لیے زیر غور نہیں آئیں گے۔


AAJ News Whatsapp

آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو آگاہ کیا ہے کہ اگر سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو اس کا میچ کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔ اسی طرح اگر پاکستان فائنل میں رسائی حاصل کرتا ہے تو فیصلہ کن معرکہ ایک غیر جانبدار مقام پر ہوگا۔

بھارتی بورڈ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا میچ کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا جیسا کہ پہلے سے طے شدہ معاہدے کے مطابق جو دونوں ممالک کو لیگ میچز کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔

بی سی سی آئی اور پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے یہ معاہدہ کیا تھا کہ مستقبل میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے بلکہ غیر ملکی مقامات پر میچز منعقد کیے جائیں گے۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے اوائل میں شروع ہونے کی توقع ہے اور بی سی سی آئی کی جانب سے مکمل شیڈول آئی سی سی کو بھیجا جا چکا ہے جس کی باضابطہ منظوری ابھی ہونا باقی ہے۔

Similar Posts