ایشیا کپ سپر فور: بنگلہ دیش کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اپشیا کپ ٹی 20 سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں مقدمقابل ہیں۔ جہاں بنگلہ دیش کے کپتان جاکر علی نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

بنگلا دیش کے کپتان جاکر علی کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کومحدود اسکور پرروکنے کی کوشش کریں گے تاکہ بعد میں ہدف کا تعاقب آسان ہو۔

بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور ان کی ٹیم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کرے گی۔

بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس کی عدم موجودگی میں جاکر علی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جب کہ لٹن داس تاحال انجری سے نجات حاصل نہیں کر سکے۔

بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی ہیں جب کہ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں سیف حسن، تنزیـد حسن، پرویز حسین ایمان، توحید ہری دوئے، جاکر علی (کپتان و وکٹ کیپر)، شمیم حسین، رشاد حسین، ناصم احمد، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارت کی ٹیم میں ابھشیک شرما، شبمن گل، تلک ورما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے سپر فور راؤنڈ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے جب کہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ سپر فور راؤنڈ میں پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، پاکستان دوسرے، بنگلہ دیش تیسرے اور سری لنکا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

اگر بھارت آج بنگلا دیش کو شکست دیتا ہے تو وہ براہِ راست ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔ اس اہم میچ میں بھارت کی بیٹنگ لائن اپ پر سب کی نظریں ہیں جب کہ بنگلا دیش اپنے بولرز پر بھروسہ کیے ہوئے ہے۔

ایشیا کپ کے اس مرحلے میں ہر میچ انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے کیوں کہ فائنل تک رسائی کا دارومدارانہی مقابلوں پر ہے۔

شائقین کرکٹ بھارت کی بیٹنگ اوربنگلا دیش کی بولنگ کے درمیان دلچسپ ٹاکرے کے منتظر ہیں، اس میچ کے نتیجے سے سپر فور میں پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشن بھی واضح ہو گی۔

Similar Posts