سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے، جس کے بعد اب پاکستان کے فائنل کھیلنے کے امکان روشن ہیں۔

ایشیا کپ 2025 کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں منگل کو ابوظبی میں مد مقابل تھیں، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے جب کہ کامندو مینڈس 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں پاکستان نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرکے 2 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے فائنل میں پہنچنے کے لیے امید کو زندہ رکھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ایک نظر

سپر4 مرحلے کی ٹاپ 2 ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا ہے جس کے پیش نظر ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہیں۔


AAJ News Whatsapp

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبرپر ہے جب کہ پاکستان 2 میچز میں ایک میں کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بنگلادیش ایک میچ کھیل کر کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جب کہ سری لنکا مسلسل 2 میچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے اور اس کا بظاہر ٹورنامنٹ میں سفرختم ہوگیا ہے۔

پاکستان کے لیے فائنل میں پہنچنے کا آسان راستہ کیا ہے؟

ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے لیے سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ بنگلادیش کے خلاف اپنا آخری میچ جیتے اور دوسری جانب بھارت اپنے بقیہ 2 میچز( بنگلادیش اور سری لنکا) میں کامیابی حاصل کرے۔

اس صورت میں بھارت 6 پوائنٹس اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔

بھارت کی بدھ کو بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کی صورت میں معاملہ نیٹ رن ریٹ پر بھی جاسکتا ہے۔

Similar Posts