متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 6 روپے کمی کی گنجائش ہے اور امید ہے کہ وزیراعظم سے کراچی چلسے میں بجلی کی قیمت میں مزید 6 روپے کم کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے، کے فور منصوبہ آئندہ سال جولائی سے دسمبر میں مکمل ہوگا، وزیراعظم بڑے جلسے میں کے فور منصوبے کا اعلان کریں گے، کے فور کی لاگت پونے 200 ارب ہوگئی ہے، منصوبے پر 50 فیصد کام ہوچکا، باقی کے لیے 35 ارب مختص کروائے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو ملکی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا، ان مسائل کے حل میں ایم کیو ایم کا بڑا کردار ہے، بجلی کی قیمت میں کمی بڑی سہولت ہے جو حکومت نے عوام کو دی، افراط زر اور مہنگائی میں کمی ہورہی ہے، سب سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ پہلا ریلیف ہے جو ہماری حکومت نے دیا ہے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ مارچ میں مہنگائی میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک دیکھے گا مہنگائی کم ہورہی ہے تو شرح سود بھی مزید کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت میں شامل ہو کر دو نکات پر خاص زور دیا تھا، جن میں کراچی کے عوام کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور پانی کا مسئلہ حل کرنا شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں خوشی ہے کہ ان مطالبات میں سے ایک پر پیش رفت ہوئی ہے اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں شامل ہو کر ہم نے 2 باتوں پر زور دیا تھا، کراچی سے عوام کے لیے بجلی کی قیمتیں کم اور پانی کا مسئلہ حل کریں، ہم اس اقدام پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تاجر صنعتکار سرمایہ کار عوام سب وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ شرع سود بھی 12 سے 9 فیصد تک آجائے گی، مہنگائی میں کچھ کمی ہوئی ہے، امید ہے اسٹیٹ بینک نظر ثانی کرے گا، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا سب سے بڑا فائدہ عوام کے ساتھ صنعتکاروں کو بھی ہوگا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت میں مزید 6 روپے کمی کی گنجائش ہے، وزیراعظم نے کراچی آنے کی حامی بھری ہے، وزیر اعظم کراچی آکر عوامی جلسے سے خطاب کریں گے، کوشش کریں گے جلسے میں وزیراعظم سے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کروائیں، وزیراعظم سے مزید 6 روپے کمی کرانے میں کامیاب ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ کے فور منصوبہ آئندہ سال جولائی سے دسمبر میں مکمل ہوگا، 26 کروڑ گیلن اضافی پانی کراچی کو ملنا شروع ہوگا، کے فور منصوبے کی لاگت پونے 200ارب ہوگئی ہے، کے فور کا 50 فیصد کام ہوچکا، باقی کے لیے 35 ارب مختص کروائے ہیں، وزیراعظم بڑے جلسے میں کے فور منصوبے کا اعلان کریں گے۔