نائمہ خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے میزبان وصی شاہ کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔ دورانِ گفتگو اداکارہ نے بتایا کہ اشفاق احمد ان کی والدہ کے کزن تھے اور ان کا بچپن اشفاق احمد کی گود میں گزرا۔
انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اشفاق احمد سے شوبز میں آنے کے لیے سفارش کی درخواست کی تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھیجا ہوا تو کچرا بھی قبول کرلیا جائے گا مگر اس طرح تم پر سفارشی ہونے کا ٹھپہ لگ جائے گا۔ اپنی پہچان خود بناؤ، جب تمہارا مقام بن جائے، تب کہنا کہ تم اشفاق احمد کی بھانجی ہو۔
اداکارہ نے آخر میں بتایا کہ اشفاق احمد نے وفات سے کچھ عرصہ قبل خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ اپنے گھر پر کچی لسی اور آموں کی پارٹی رکھیں لیکن وہ اس وقت بچوں کے ہمراہ انگلینڈ میں تھیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ ان کی یہ خواہش پوری نہ کر سکیں۔
نائمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ اشفاق احمد شادیوں میں شرکت سے گریز کرتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں ان کی موجودگی تقریب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتی تھی تاہم انہوں نے ان کی شادی کی سالگرہ میں خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔