یمن امریکی فضائی حملہ، القاعدہ کے 9 جنگجو ہلاک، مقامی رہنما بھی شامل

0 minutes, 0 seconds Read

یمن کے جنوبی صوبے ابین میں امریکی حملوں میں القاعدہ کے کم از کم نو جنگجو مارے گئے ہیں، جن میں تنظیم کا ایک مقامی رہنما بھی شامل ہے۔ یہ حملے جمعے کی شب خبار المراقشہ کے شمالی پہاڑی علاقے میں کیے گئے، جو القاعدہ کے سرگرم مراکز میں شمار ہوتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ نے یمنی سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ فضائی حملے مختلف مقامات پر کیے گئے جہاں القاعدہ کے جنگجو روپوش تھے۔ ایک مقامی سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ’ہم نے ایک مقام پر پانچ جلی ہوئی لاشیں اور ایک تباہ شدہ گاڑی دیکھی۔ باقی ہلاکتیں دوسرے مقامات پر ہوئیں۔‘

ابتدائی طور پر پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں یہ تعداد بڑھ کر نو ہو گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق حملوں کا ہدف پہاڑی علاقے میں موجود القاعدہ کے خفیہ ٹھکانے تھے، اور ان میں سے بعض مقامات پر اب بھی سرگرمیوں کے آثار پائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ یمن کے جنوبی علاقے ابین اور شبوہ میں القاعدہ کی موجودگی پر امریکہ طویل عرصے سے نظر رکھے ہوئے ہے، اور ڈرون حملے یا فضائی کارروائیاں ان علاقوں میں ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں۔ ابین صوبہ عدن سے متصل ہے، جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا مرکز ہے۔

Similar Posts