جعل سازی سے پاکستانی شہریت حاصل کرنیکی کوشش، افغان شہری سمیت 4 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے پشاور زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور افغان شہری سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے نادرا ریجنل آفس پشاور سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں صدیق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں۔

گرفتار ملزم صدیق اللہ افغان شہری ہے جو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ گرفتار ملزم یونس خان نے خود کو افغان شہری کے والد کے طور پر نادرا میں پیش ہو کر جعل سازی میں کردار ادا کیا۔

ملزم فیاض خان اور سمیع اللہ نے بطور گواہ اور تصدیق کنندگان جعلی تصدیق فراہم کر کے صدیق اللہ کی پاکستانی شہریت کی غیر قانونی تصدیق کی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

Similar Posts