جائے وقوعہ سے گولیوں کے کئی خول ملے ہیں جبکہ عینی شاہد نے واقعہ شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بتاتے ہوئے ہلاک ہونے والے کو مبینہ طور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا ساتھی قرار دیا اور بتایا کہ اس کا ساتھی مجھ سے موٹر سائیکل بھی چھین کر فرار ہوا ہے۔
فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کی کی لاش قریبی نجی اسپتال لیجائی گئی جسے بعدازاں چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارورائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اور اس کی عمر 26 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جس کے سر پر گولی لگی تھی جبکہ لاش کے قریب سے ایک موٹر سائیکل بھی ملی ہے۔
واقعے سے متعلق ایک عینی شاہد کا بیان بھی سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ وہ اسپتال کے قریب موجود تھا کہ اس دوران کار سوار شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور شدید فائرنگ سے وہ قریب کھڑی ہوئی کار کے پیچھے چھپ گیا۔
اس دوران مسلح ڈاکو بھاگتے ہوئے دکھائی دئیے ، فائرنگ کرنے والا شہری ایک آن لائن فوڈ رائیڈر کے ساتھ بائیک پر بیٹھ کر پیدل بھاگنے والے ڈاکوؤں کے تعاقب میں گیا جبکہ ایک ڈاکو مجھ سے میری موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگیا جو کہ میرے مکینک کی تھی۔
تاہم واقعے کے بعد مبینہ ٹاؤن پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے ہیں۔
چھیپا حکام کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 9 خول ملے ہیں جبکہ پولیس تلاش ایپ ڈیوائس کی مدد سے ہلاک ہونے والے کی شناخت کی کوششیں کر رہی ہے ۔