جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول انتقال کرگئے

جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول جمعہ کی صبح 10 بجے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

پروفیسر شاہد رسول روبوٹک سرجری کے استاد تھے، مرحوم کی عمر مارچ 2026ء کو 60 سال ہونے والی تھی، مرحوم 2026ء میں اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے جناح اسپتال سے ریٹائرڈ ہونے والے تھے۔

سال 1994ء میں ڈاکٹر شاہد رسول ڈاؤ میڈیکل کالج سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد جناح اسپتال میں میڈیکل آفیسر مقرر ہوئے تھے۔ جناح اسپتال ہی میں جنرل سرجری میں انھوں نے پوسٹ میڈیکل گریجویشن کی تعلیم مکمل کی تھی۔ FCPS کے بعد انھوں نے رائل کالج آف سرجنز سے سرجری میں اعلیٰ تعلیم  FRCS بھی مکمل کی۔

وہ جناح اسپتال کے میڈیکل وارڈ 3 میں پروفیسر ارشاد وحید کی سربراہی میں اپنی پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے رہے۔ بعدازاں اسسٹنٹ پروفیسر مقرر ہوئے اور انھوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں گریڈ 21 میں مقرر کیے گئے تھے۔

انھیں اسکاٹ لینڈ کے رائل کالج آف سرجنز (Royal College of Surgeons) نے اعزازی ڈگری عطا کی۔ اگست 2025ء میں، انہوں نے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز، گلاسگو (RCPS) پاکستان میں مشیر کا عہدہ سنبھالا۔

اگست 2021ء میں ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال کے بعد سندھ حکومت نے پروفیسر شاہد رسول کو جناح اسپتال کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کردیا تھا۔ مرحوم جناح اسپتال میں مریضوں کی روبوٹک سرجری کے حوالے سے بھی اچھی شہرت رکھتے تھے۔

اسپتال کے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان نے بتایا کہ پروفیسر شاہد رسول روبوٹک سرجری کے شعبے میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ ان کی تدفین کے حوالے سے بتایا کہ ان کے گھر کے بعض افراد پاکستان سے باہر ہیں اس لئے تدفین کا حتمی فیصلہ مرحوم کے اہل خانہ کے آنے کے بعد کیا جائے گا، توقع ہے تدفین کل ہو۔ انھوں نے بتایا کہ مرحوم کی میت جمعہ کو جناح اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہے۔

وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے پروفیسر شاہد رسول کے انتقال سے ہم ایک اچھے، محنتی اور صحت کے لیے خدمات فراہم کرنے والے فرد سے محروم ہوگئے، اللہ تعالٰی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلٰی مقام عطا فرمائے۔

Similar Posts