بھارتی کرکٹر نے خاتون کیخلاف ہراسانی کا مقدمہ درج کرادیا

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپیٹلز کی نمائدنگی کرنے والے کھلاڑی وپراج نگم نے خاتون کے خلاف ہراساں کرنے کی ایف آئی آر درج کروا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وپراج نگم نے اتر پردیش کے بڑابانکی ضلع کے کوتوالی نگر میں خاتون کے خلاف ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کی باقاعدہ شکایت درج کرائی۔

دہلی کیپیٹلز کے اسٹار کھلاڑی نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں ایک موبائل نمبر سے متعدد دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ نمبر بلاک کرنے کے بعد انہیں بیرونی ممالک کے نمبروں سے کال موصول ہونا شروع ہوگئیں۔

ایف آئی آر کے متن میں مزید بتایا گیا کہ فون کالز میں خاتون نے انہیں مطالبے نہ پورے کرنے پر جھوٹے کیسز میں پھنسانے کی دھمکی دی۔

کرکٹرز نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے ان سے نامعقول مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے کوئی ویڈیو ریلیز کرنے کی دھمکی بھی دی۔

وپراج کا کہنا تھا کہ ہراسانی سے ان کے کیریئر اور ذہنی صحت پر شدید اثر پڑا ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

Similar Posts