الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹ کی معیاد 14 فروری 2021ء کو ختم ہوئی، مگر انتخابات بارہا مؤخر ہوتے رہے،  آئین کے آرٹیکلز 140-A، 219 اور 218(3) کے تحت انتخابات کرانا لازم تھا۔

کمیشن نے 5 بار حلقہ بندیاں اور 3 بار الیکشن شیڈول جاری کیا، مگر عمل مکمل نہ ہوسکا،  13 نومبر 2025ء کو سماعت ہوئی اور 17 نومبر 2025ء کو انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق  لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 15(2) کی ترمیم کو آئین و قانون (آرٹیکلز 218(3)، 140-A، 220، 219، 222) کے خلاف قرار دیا۔

الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعات 50، 219، 224 کے تحت ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تقرری کا اختیار الیکشن کمیشن کو حاصل ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ انتخابی عملہ کمیشن اپنے افسران، عدلیہ یا انتظامیہ میں سے تعینات کرے گا، سیکریٹری یونین کونسل سرکاری افسر کی تعریف پر پورا نہیں اترتا، اس لیے اسے انتخابی ذمہ داری نہیں دی جاسکتی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات انہی افسران کے ذریعے ہوں گے جنہیں الیکشن کمیشن باقاعدہ نوٹیفائی کرے گا۔

Similar Posts