امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت دوبارہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے والا تھا، لیکن انہوں نے بروقت مداخلت کرکے یہ جنگ رکوا دی۔
وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ دوبارہ شروع ہونے والی تھی، مگر امریکی کوششوں سے صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنی مدتِ صدارت کے دوران دنیا میں آٹھ بڑی جنگیں رکوا کر ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ دنیا کو بڑے تنازعات سے بچانے میں کامیاب رہے۔
اُنہوں نے زوردے کر کہا کہ ”میں نے آٹھ جنگیں روکی ہیں، جن میں سے ایک وہ تھی جو دوبارہ شروع ہونے والی تھی… پاکستان اور بھارت کے درمیان۔“
ٹرمپ کے مطابق واشنگٹن کی مداخلت نے نہ صرف کشیدگی کم کی بلکہ دونوں ممالک کو بہتر سمت میں آگے بڑھنے کا موقع بھی دیا۔
اسرائیل کو سعودی عرب اور امریکا کی ایف-35 طیاروں کی ڈیل پر اعتراض
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور بھارت ”اچھے اقدامات“ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ برس کے آغاز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان خطرناک فوجی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جو پہلگام (مقبوضہ کشمیر) میں ایک حملے کے بعد شدید کشیدگی میں تبدیل ہوئی۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے اور بھارت نے اس کا الزام پاکستان پر لگایا، تاہم پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
فٹبال ورلڈ کپ شائقین کے لیے امریکی ویزا میں خصوصی ترجیح کا اعلان
امریکی صدر نے روس اور یوکرین تنازع پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں امید ہے یہ جنگ بھی جلد ختم ہو جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ “میں تھوڑا حیران ہوں کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے جنگ کو اتنا طویل کر دیا، لیکن مجھے امید ہے کہ بہت جلد امن قائم ہو جائے گا۔”
