پاک بحریہ سے جاری بیان کے مطابق انسداد منشیات آپریشن پی این ایس تبوک نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران بحیرہ عرب میں کیا اور بھاری منشیات قبضے میں لے لیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انسداد منشیات آپریشن سعودی عرب کی زیر قیادت کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی ٹاسک فورس 150 کی معاونت سے کیا گیا۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ مشکوک ماہی گیر کشتی پر آپریشن کے دوران پی این ایس تبوک نے 2000 کلوگرام سے زائد میتھم فیٹامائن (آئس) ضبط کر لی ۔
پاک بحریہ کے مطابق یہ انسداد منشیات آپریشن گزشتہ دو ماہ کے دوران پاک بحریہ کا مسلسل تیسرا کامیاب آپریشن ہے اور پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے اور عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔