ماہرہ اپنی نئی فلم ’نیلوفر‘ کی تشہیر کے دوران فواد خان کے ساتھ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک تھیں، جہاں ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ میڈیا میں بارہا ان دونوں کے درمیان ’خاموش دشمنی‘ کا تاثر کیوں دیا جاتا ہے۔
ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اس تاثر میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے کئی مرتبہ یہی سوال کیا جا چکا ہے اور وہ ہمیشہ یہی کہتی آئی ہیں کہ ان کی جانب سے کبھی بھی کوئی مخالفت یا دشمنی نہیں رہی۔
انہوں نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے حد باصلاحیت فنکارہ ہیں۔ ماہرہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ جب دو مضبوط اور کامیاب خواتین ایک ساتھ نظر آتی ہیں تو لوگ خود ہی انہیں ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنے لگتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسی کہانیاں بنانا اور رقابت کا ماحول پیدا کرنا ایک عام رویہ بن چکا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بجائے اس کے کہ ایسی قیاس آرائیاں کی جائیں، اگر دونوں خواتین کو ایک ساتھ کام کرتے دیکھا جائے تو نہ صرف ان کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ پروجیکٹس بھی مضبوط ہو کر سامنے آئیں گے۔
ماہرہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ابھی تک صبا قمر کے ساتھ کوئی مشترکہ پروجیکٹ نہیں کیا، مگر اگر کبھی موقع ملا تو وہ ضرور ان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔ ان کے مطابق دونوں بہترین فنکارائیں ہیں اور اگر ایک پروجیکٹ میں اکٹھی آئیں تو وہ یقیناً ایک متاثر کن اور معیاری کام بن سکتا ہے۔