اسلام آباد نے کہا ہے کہ پولیس پر حملہ کے بعد جوابی کارروائی میں بین الصوبائی کلاشنکوف گینگ کا سرغنہ ہلاک ہوگیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں چیکنگ کے دوران بین الصوبائی گینگ کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی جوابی فائرنگ سے بین الصوبائی ڈکیت کلاشنکوف گینگ کا سرغنہ ہلاک ہوگیا جب کہ دو ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کیا گیا تاہم اس دوران ایک ملزم دم توڑ گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتارملزمان سے کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ، گولیاں، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے، ملزمان 35 سے زائد سنگین وارداتوں میں ٹیکسلا، راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔