بھارتی پرچم لہرانے کا واقعہ کیسے پیش آیا؟ طلحہ انجم نے حقیقت بتا کر قوم سے معافی مانگ لی

نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے والے پاکستانی نوجوان ریپر طلحہ انجم نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق چار روز قبل طلحہ انجم نے نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرایا اور پھر اس کا دفاع بھی کیا تھا۔ بھارتی پرچم لہرانے پر پاکستانیوں کی جانب سے طلحہ انجم کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔

پاکستانی مداحوں نے طلحہ انجم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، ہمارے اداکاروں اور گلوکاروں پر اپنے دروازے بند کیے تو اُن کے لیے کیسا جذبہ خیر سگالی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلحہ انجم نے بھارتی پرچم لہرانے کے وائرل کلپ سے متعلق سوال کا جواب دیا اور بتایا کہ پرفارمنس کے دوران حاضرین میں موجود ایک شخص کے پاس بھارتی جھنڈا تھا تو اُس نے وہ میرے ہاتھ میں تھما دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پرچم لہرایا نہیں بلکہ اپنے کاندھوں پر رکھ لیا تھا جس کے بعد ویڈیو سامنے آئی تو تنقید شروع ہوگئی۔

طلحہ انجم نے کہا کہ اسٹیج پر صورت حال بہت مختلف ہوتی ہے، جس وقت یہ سب کچھ ہوا میں اپنے مشہور گانے ’کون طلحہ‘ پر پرفارم کررہا تھا اور اس دوران وہاں پر بھارتی ریپر بھی میری سپورٹ کیلیے آئے اور انہوں نے میرا ساتھ دیا۔

’اسی دوران پھر حاضرین میں موجود ایک نوجوان نے میرے ہاتھ میں بھارتی پرچم تھمایا، وہ ایسا وقت تھا کہ میں نے احتراما اُس مداح کے ملک کا پرچم پکڑ لیا اور پھر شائقین نے شور کیا تو میں نے دوستی کا پیغام دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ میرا بھارتی پرچم لہرانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا پھر بھی دل آزاری اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر قوم سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔

 

Similar Posts