سپریم کورٹ میں جج تعیناتی، دو ہائی کورٹس میں چیف جسٹسز کی تقرری کیلئے اجلاس طلب

سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی اور دو ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے تین اہم اجلاس 2 دسمبر کو طلب کر لیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 دسمبر کو شیڈول اجلاس 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا پہلا باقاعدہ اجلاس ہوگا۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا، جس کے لیےعدالت عالیہ سندھ کے پہلے تین سینئر ججوں کے نام زیر غور لائے جائیں گے۔

جوڈیشل کمیشن کے دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ دیکھا جائے گا، یہاں بھی بلوچستان ہائی کورٹ کے پہلے تین سینئر ججوں کے نام زیرِ غور آئیں گے۔

تیسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں ایک جج کی تقرری کا معاملہ زیر بحث آئے گا، ایجنڈے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔

Similar Posts