بھارت کے گودی میڈیا کے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈا مہم کا پردہ فاش

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے بھارت کے گودی میڈیا گودی میڈیا کے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈا مہم کا پردہ فاش کردیا، جھوٹ اور فریبی خبریں بنانے کا ماہر بھارتی میڈیا نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر دیا۔

پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک بار پھر گودی میڈیا کے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈا مہم کا پردہ فاش کر دیا اور کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر اسمبلی میں خطاب کے دوران اپنے دور حکومت کا احاطہ کیا جو تمام چینلز پر نشر ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ چوہدری انوار الحق نے اپنی تقریر میں بھارت کی بلوچستان میں دہشت گرد پراکسیز کو سخت اور مؤثر جواب دینے کی پالیسی کا حوالہ دیا تھا اور یاد دلایا تھا کہ پھر معرکہ حق میں پاک-فوج نے بھارت کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔

چوہدری انوار الحق نے اپنی تقریر میں معرکہ حق کے دوران بھارت کی عبرت ناک شکست کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے (معرکہ حق کے دوران) اندر گھس کر مارا اور ایسا مارا کہ آج تک طیاروں کی گنتی پوری نہیں ہوئی۔

بعد ازاں بھارتی گودی میڈیا نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا شروع کر دیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے بھی پروپیگنڈا کرکے بھارتی سازش کا بھرپور ساتھ دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اندرونی واقعات پر بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کا الزام اور فالس فلیگ کے ذریعے جنگ کا جواز پیدا کرنا بھارتی گودی میڈیا کا وطیرہ ہے اور بھارتی میڈیا لگاتار نئی دہلی دھماکے کو شواہد کے بغیر پاکستان کے ساتھ جوڑنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔

گودی میڈیا نے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی تقریر کے حوالے سے جھوٹے دعویٰ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم نے اعتراف کرلیا کہ حالیہ دہلی دھماکے کی منصوبہ بندی پاکستان نے کی تھی، گودی میڈیا نےسابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی تقریر کے الفاظ کا غلط ترجمہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستان لاشوں کو گن نہیں سکے گا۔

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ حقیقت میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیرکی تقریر سے کچھ اقتباسات ویڈیو کی شکل میں اٹھائے گئے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی تقریر سے اخذ کیے گئے جملے کا دہلی دھماکے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی تقریر میں معرکہ حق کا حوالہ دیا گیا نہ کہ بھارت کے اندر کسی حالیہ واقعے کا، تراشے ہوئے کلپ میں ایک متبادل لفظ نے جملے کے معنی کو یکسر بدل دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کے حکومتی عہدیدار بشمول اجیت ڈوول نے متعدد مواقع پر بھارت میں ممکنہ واقعات کو بلوچستان میں انتقامی کارروائیوں سے جوڑنے کی کوشش کی، اعلیٰ بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں پراکسیز کے استعمال کا کھلے عام اظہار بھی کیا جاتا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے من گھرٹ اور حقائق کے منافی بیانیہ اندرونی خلفشار کو دبانے کی مذموم کوشش ہے، وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈے کے حوالہ سے عوام کو خبر دار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ تراشے ہوئے کلپس سے نتیجہ اخذ کرنے سے پہلے مکمل تقریروں کے متن کی تصدیق کریں، غیر تصدیق شدہ ویڈیو پر موجود غلط ترجمہ اور سنسنی خیز ٹیلی ویژن سب ٹائٹلز سے ہوشیار رہیں۔

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تاریخی یا سیاسی بیان بازی کو آپریشنل اعترافات کے طور پر پیش کرنےسے گریز کیا جانا چاہیے، سیکیورٹی سے متعلق بڑے دعوؤں کو قبول کرنے سے پہلے میڈیا سے شفاف ذرائع کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

Similar Posts