کراچی، اسپورٹس دکان کے مالک کے قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں درج

شہر قائد میں جمشید کوارٹر پولیس نے مزار قائد وی آئی پی گیٹ کے قریب فائرنگ سے اسپورٹس کے سامان کی دکان کے مالک محمد شبیر کے قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 19 نومبر کی رات 10 بج کر 20 منٹ کے قریب محمد شبیر اپنے دکان کے ملازمین احمد رضا اور شرجیل علی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ کے قریب ان پر فائرنگ کی گئی۔

دونوں ملازمین کے مطابق پینٹ شرٹ میں ملبوس دو مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد شبیر شدید زخمی ہو گئے۔ ملازمین نے انہیں سول اسپتال منتقل کیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

مدعی مقدمہ عابد علی جو کہ مقتول کا بیٹا ہے نے بتایا کہ جیسے ہی اسے فائرنگ کی اطلاع ملی، وہ فوراً اسپتال پہنچا، جہاں اسے اپنے والد کے انتقال کی خبر ملی۔

عابد علی کا کہنا تھا کہ وہ اور اس کے والد کے ملازمین ملزمان کو جانتے ہیں اور انہیں شناخت کر سکتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد جمشید کوارٹر پولیس نے مقدمہ نمبر 785/2025 بجرم دفعہ 302 اور 34 کے تحت درج کر لیا ہے، اور مزید تحقیقات کے لیے انچارج انویسٹی گیشن سی آئی سی فیروز ڈویژن کو مقدمہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts