لاہور، این اے 185 ڈی جی خان میں وزراء کی موجودگی پر الیکشن کمیشن متحرک، دو وزراء کو نوٹس جاری

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185 ڈی جی خان میں وزراء کی موجودگی سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معاونِ خصوصی برائے وزیر اعظم حذیفہ رحمان اور وفاقی وزیر اویس لغاری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ حلقے میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق حلقے میں انتخابی سرگرمیوں کی مختلف ذرائع سے کلوز مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کسی بھی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدار انتخابات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے۔

Similar Posts