تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب پیش آئے اس سانحے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابراہیم اپنی والدہ کے ساتھ ڈپارٹمنٹل اسٹور سے باہر نکلا تھا۔
اسٹور سے منسلک پارکنگ ایریا میں چند قدم کے فاصلے پر ہی کھلا مین ہول موجود تھا۔ 3 سالہ ابراہیم بھاگتے ہوئے اپنے والد کے پاس جانے لگا اور اچانک مین ہول میں گرگیا۔
ننھےابراہیم کی والدہ کے چیخنے چلانے پر رش لگ گیا اور قریب کھڑے افراد نے بھی مدد کے لیے لوگوں کو آواز دی، جائے حادثہ پر موجود لوگ گٹر کے گرد جمع ہوکر بچے کی تلاش میں مصروف ہوگئے، تاہم ابراہیم کو نہ بچایا جاسکا۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مین ہول کے ارد گرد کوئی کوئی حفاظتی نشان یا رکاوٹ موجود نہیں تھی۔
یاد رہے کہ اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی، تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا۔
پیر کو واقعے کے 14 گھنٹے گزر جانے کے بعد بچے کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر نالے سے ملی تھی۔