پاکستان کیخلاف جیت کیلیے پلان تیار ہے، زمبابوین کپتان

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جیت کیلیے پورا پلان تیار ہے۔

راولپنڈی میں سہ ملکی سیریز کے کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد سکندر رضا کا کہنا تھا کہ قومی شرٹ پہن کر صرف جیت کا ہی سوچتے ہیں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا خود ہی جوش و جذبہ پیدا کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے نے رواں سال 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، زیادہ میچز ہارے ضرور ہیں مگر ہر بڑی ٹیم کو بھرپور چیلنج کیا۔ مسلسل کرکٹ کھیلنا ٹیم کی بہتری کا ذریعہ بنتا ہے، سری لنکا کو سہ ملکی سیریز میں شکست دینا حالیہ محنت کا نتیجہ ہے۔

کپتان سکندر رضا کا مزید کہنا تھاکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسپیشلسٹ کھلاڑی اہمیت رکھتے ہیں، بیٹنگ اوسط سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ اہم ہے۔ کم گیندوں پر زیادہ رنز بنانا اصل فن ہے۔

پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے سکندر رضا نے کہا کہ جیتنے کا پورا پلان تیار ہے۔ پاکستان میں موسم کرکٹ پر بہت اثر انداز ہوتا ہے، سردیوں میں سورج کم نکلتا ہے اور اوس پڑتی ہے جس سے پچ اور کنڈیشنز بدل جاتی ہیں۔

سکندر رضا نے راولپنڈی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما جیسی مشکل صورتحال میں بہترین پچ اور آؤٹ فیلڈ بنا کر قابلِ ستائش کام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے اسٹیٹس سے زیادہ زمبابوے کی جیت اہم ہے، ٹیم چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے محظوظ ہوتی ہے۔ اپنے 300ویں انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو جیت دلانا میرے لیے بہت خاص ہوگا۔

 

Similar Posts