پی ٹی آئی کا 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں احتجاج پر تشدد کو ایک سال ہونے پر 26 نومبر کو کسی بڑے احتجاج کے بجائے یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو ریجن کی سطح پر احتجاج کی ہدایت کردی ہے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ریجنل تنظیمیں اضلاع کی سطح پر احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی احتجاج کے دوران جاں بحق کارکنوں کی رہائش گاہ میں جائیں اور لواحقین سے اظہار یک جہتی کریں۔

جنید اکبر کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی کی جائے گی اور احتجاج بھی کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو کسی بڑے احتجاج کے بجائے اضلاع کی سطح پر احتجاج کی ہدایت کردی ہے۔

Similar Posts