چین کے صوبے گوانگ ڈونگ میں جڑی بوٹیوں سے بنی ادویات کی دکان چلانے والے ہی شیان شینگ (شوہر) اور لیانگ سائیو (اہلیہ) ایسے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کا سالوں سے ہربل ادویات کا کام ہے۔ تاہم، دونوں کو اپنا کاروبار چلانے میں مشکلات کا سامنا تھا اس لیے انہوں نے ڈوین (چین کا ٹِک ٹاک ورژن) پر پروموشنل کلپس جاری کرنا شروع کیے۔
یہ جاننے کے بعد کہ دونوں میں بے تحاشہ مشابہت ہے لیانگ نے اپنے شوہر کو کلپس کے لیے راضی کیا جس میں دونوں ایک جیسے کپڑے پہنے ہوئے دیکھے گئے تاکہ مشابہت کو مزید بڑھایا جا سکے۔
لیانگ کا کہنا تھا کہ جب یہ دونوں پہلی بار ملے تھے تو ان کو ایسا محسوس نہیں ہوا کہ دونوں ایک جیسے دِکھتے ہیں۔ یہ احساس کچھ برس ساتھ گزارنے کے بعد ہوا کہ دونوں ایک دوسرے سے مشابہت رکھتے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں سے دونوں تقریباً پورا وقت ایک ساتھ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ دونوں اس حد تک ایک جیسے دِکھنے لگ گئے ہیں۔