لاہور: گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ کے بانڈ چوری، ملزمہ دو ساتھیوں سمیت کاہنہ سے گرفتار

گلبرگ میں نوکرانی نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ چرالیے اور فرار ہوگئے، پولیس نے ککڑ گاؤں کاہنہ سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق خاتون ملزمہ سینٹ میری کالونی میں واقع گھر میں دو ماہ سے کام کر رہی تھی، ملزمہ نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کا پلان بنایا۔ 

چند روز قبل ملزمان گھر سے 8 تولے سونا، 3 لاکھ کے پرائز بانڈ چُرا کر فرار ہوگئے، کیمرا فوٹیج میں دو ملزمان کو نیلے شاپر میں چوری شدہ مال لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا، ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے ملزمہ کو ککڑ گاؤں سے گرفتار کیا، خاتون کی نشاندہی پر ساتھی ملزمان کو بھی کاہنہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق ملزمان سے 8 تولے سونا، 3 لاکھ کے پرائز بانڈ، 2 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، 2 پستول برآمد کرلیے گئے، ملزمان کومل بی بی، عثمان اور شاہد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

Similar Posts