گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے لیے آرڈیننس جاری کیا گیا، جس کے تحت تیز رفتاری پر موٹرسائیکل کو دو ہزار روپے اور موٹر کار کو5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے مطابق ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر تھری ویلر کو 3 ہزار روپے، کار کو 5 ہزار روپے، دو ہزار سی سی کی گاڑیوں کو 10 ہزار روپے اور دو ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں کو سگنل کی خلاف ورزی پر15 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
اسی طرح اوورلوڈنگ پر تھری ویلر کو 3 ہزار روپے، دو ہزار سی سی سے کم گاڑیوں کو 5 ہزار روپے اور 2ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، ٹرالر کو اوور لوڈنگ پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
محکمہ قانون کی جانب سے جاری آرڈیننس کے تحت دھواں چھوڑتی موٹرسائیکل کو 2 ہزار روپے، تھری ویلر گاڑی کو 3 ہزار روپے، بڑی گاڑی کو 8 ہزار روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو دھواں چھوڑنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔