مہمان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہت زبردست ہیں۔ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے فائٹ فار گلوری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ غیر ملکی باکسرز اور آفیشلز پاکستان کے مہمان بن گئے۔
پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر مہمان خاص تھے۔ جنہوں نے غیر ملکی باکسرز کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے بھر پور اقدامات کررہی ہے۔
چیمپئن شپ میں چھ پاکستانی اور پینتیس بین الاقوامی باکسرز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، فلپائن نیدرلینڈز، مراکو، بینن، گھانا اور فرانس سمیت دیگر ممالک کے باکسرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، محمد وسیم اور تھائی لینڈ کے چکرورتی کے درمیان ڈبلیو بی اے سپر بینتھم ویٹ ٹائٹل فائٹ 29 نومبر کو ہوگی۔
محمد وسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل باکسرز کا ریکارڈ تعداد میں آنا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی یہاں موجود ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ ٹائٹل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کوشش ہوگی کہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرکے ملک کا نام روشن کروں۔
انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لوورا اکرم نے پاکستان میں باکسنگ مقابلوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے، غیر ملکی باکسرز پاکستان کی مہمان نوازی کی کھل کر تعریف کی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے شائقین، قومی ہیروز سمیت شوبز کی ممتاز شخصیات بھی اس ایونٹ کی رونق کو دوبالا کر رہی ہیں۔