اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات پر غور کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بلدیاتی الیکشنز نئے قانون پر ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 منظور کر لیا اور گورنر پنجاب نے بھی نئے ایکٹ کی منظوری دے دی، نئے ایکٹ کے نفاذ سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ ہوگیا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پرانے ایکٹ کے تحت جاری حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا اور نئے ایکٹ کے تحت ہی بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پرانے قانون کے تحت اقدام سیکشن 219 کی خلاف ورزی ہوگی، پنجاب حکومت کو حلقہ بندی رولز کی تکمیل کے لیے 4 ہفتے کی مہلت دے دی جس میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
حلقہ بندی رولز کی تکمیل 4 ہفتوں میں مکمل نہ ہونے پر معاملہ سماعت کے لیے مقرر ہوگا۔