یونان: غیر قانونی تارکین وطن کی ایک اور کشتی حادثے کا شکار، ایک شخص ہلاک، 39 افراد کو بچا لیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

یونان سے ایک اور افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔

ترکیہ سے روانہ ہونے والی ایک ربڑ بوٹ (رافٹ) یونانی جزیرے کاستیلوریزو پہنچنے کی کوشش کے دوران ڈوب گئی۔ کشتی میں 40 افراد سوار تھے جن میں 13 معصوم بچے بھی شامل تھے۔

یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کے بعد فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا جس میں 38 تارکین وطن اور ایک انسانی اسمگلر کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ ایک شخص کی لاش سمندر سے نکال لی گئی۔ ڈوبنے والے شخص کی قومیت، جنس یا عمر کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق ربڑ کی کشتی کی گنجائش صرف 8 سے 10 افراد کی تھی، لیکن انسانی اسمگلر نے زیادہ منافع کے لالچ میں 40 افراد کو سوار کرا دیا۔ نہ کسی کو لائف جیکٹ دی گئی اور نہ ہی کشتی میں زندگی بچانے کا کوئی سامان موجود تھا۔

واضح رہے کہ یونانی جزیرہ کاستیلوریزو ترکیہ کی سرزمین سے صرف 3 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور حالیہ دنوں میں یہاں غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یونانی حکام نے ایک بار پھر انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی اور محفوظ امیگریشن پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Similar Posts