پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان نافذ العمل کردیا گیا ہے جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا، جیل کے راستوں پر پانچ پکٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکہ داہگل، گیٹ ون، گیٹ پانچ، فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور پر بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، اہلکاروں کی ڈیوٹی بارہ بارہ گھنٹے کی دو شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہے، 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
جیل کی سکیورٹی کیلئے آر ایم پی فورس، پنجاب کانسٹبلری تھانوں کے عملہ سمیت 700 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکار ربڑ بلٹس، ٹیئر گیس، ڈنڈوں، شیلڈ اور اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہونگے۔
اڈیالہ جیل کے باہر ٹریفک پولیس کے دس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جن کے ہمراہ لفٹر بھی موجود رہے گا۔
قیدی وینز بھی موجود رہیں گی، اڈیالہ گارڈ کی نفری کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی رہے گی، ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی۔ مجموعی طور پر 23 انسپکٹر سات سو سے زائد کانسٹیبلز و افسران تعینات ہوں گے۔