اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس پر37 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کے فائنل میں سیڈ 2 اور عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان نے سیڈ 10حمزہ خان کو 2-3 سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حمزہ خان نے پہلا گیم 9-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 7-11 سے کامیابی حاصل کی تاہم عالمی نمبر 42 نور زمان نے کھیل میں واپس آتے ہوئے اگلے تینوں گیم جیت کر کے ٹائٹل پر قبضہ جما لیا۔
سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے پوتے نور زمان نے تیسرا گیم 7-11، چوتھا گیم 4-11 اور پانچواں فیصلہ کن گیم 8-11 سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کی، حمزہ خان نے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ مصری کھلاڑی کریم الحمامی کو ہرانے کے بعد سیڈ 6 سوئیڈن کے ڈیوڈ برنیٹ کو شکست دے کر دوسرا اپ سیٹ کیا تھا۔