پنجاب کے شہر رحیم یارخان کے علاقے عباسیہ ٹاؤن میں پیٹرول پمپ پر تیل منتقلی کے دوران آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، آگ نے پیٹرول پمپ اور ملحقہ ایریا کو لپیٹ میں لے لیا۔
رحیم یارخان کے علاقے عباسیہ ٹاؤن میں واقع ایک پیٹرول پمپ پر اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب تیل منتقلی کے دوران اچانک آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اُٹھی، آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پورے پیٹرول پمپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ پیٹرول پمپ پر موجود آئل ٹینکر سے تیل نکالتے وقت لگی، جس کے بعد شعلوں نے پورے پمپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر علاقے کو خالی کروا لیا گیا ہے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیمیں مکمل الرٹ ہیں۔