فاف ڈوپلیسی کے بعد معین علی بھی پی ایس ایل کھیلنے کے لیے تیار

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ایک اور بڑی وکٹ گرگئی، جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کے بعد سابق انگلش کرکٹر معین علی بھی آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کھیلنے کے لیے تیار ہوگئے۔

سابق انگلش کرکٹر معین علی نے پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں سیزن کے لیے اپنی شرکت کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے ریلیز کیے جانے کے بعد معین علی نے ایک بار پھر پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلش آل راؤنڈر معین علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ یہ نئی شروعات کا وقت ہے۔ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے دور میں شامل ہونے پر بہت زیادہ پوجوش ہوں، پی ایس ایل اپنے بہترین معیار اور ورلڈ کلاس ٹیلنٹ کی وجہ سے ٹی 20 میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔

معین علی نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ اچھا رہا ہے، یہاں اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور شائقین کا غیرمعمولی جوش وجذبہ قابل دید ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں۔

سابق انگلش کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ میں ان تمام باتوں کا منتظر ہوں تاکہ بہترین یادیں میرے ساتھ رہیں ،میں ایک نئے اور خاص تجربے کے لیے تیار ہوں انشاء اللہ ۔

یاد رہے کہ انگلش کرکٹر معین علی اس سے پہلے بھی پی ایس ایل کا حصہ رہ چکے ہیں اور وہ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کئی میچز کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل میں شرکت نہ کرنےکا اعلان کیا تھا اور نئے چیلنج کے طور پر پاکستان سپر لیگ میں کھیلنےکا فیصلہ کیا تھا۔

14 سال سے زیادہ عرصے تک آئی پی ایل کا اہم حصہ رہنے والے فاف ڈوپلیسی نے 2026 کی نیلامی میں نام نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

گذشتہ سیزن میں ڈوپلیسی نے دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کی تھی، جہاں انہوں نے نو میچوں میں 202 رنز بنائے تھے مگر پھر فرنچائز نے انہیں اگلے سیزن کے لیے برقرار نہیں رکھا۔

حالیہ فیصلے کے بعد ڈوپلیسی کی آئی پی ایل میں سروس ختم سمجھی جا رہی ہے جب کہ پی ایس ایل میں ان کی شمولیت سے توقع ہے کہ وہ پرانے تجربے اور مہارت کے ساتھ مدمقابل ٹیموں کو چیلنج کریں گے۔

سابق جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈوپلیسی بھی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی جانب سے کئی میچز کھیل چکے ہیں۔

Similar Posts