گلین میکسویل کا آئی پی ایل 2026 نہ کھیلنے کا اعلان

گلین میکسویل نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 کے سیزن میں بھارتی پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ وہ 2012 سے آئی پی ایل کھیل رہے تھے اور 2013 میں ممبئی انڈینز کے ساتھ ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ آئندہ سیزن کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت نہیں کریں گے، یوں لیگ کے ساتھ ان کا 13 سالہ تعلق اختتام کو پہنچ گیا۔ 2026 ایڈیشن کی نیلامی 16 دسمبر کو ابوظبی میں شیڈول ہے۔

37 سالہ میکسویل کو گزشتہ سیزن سے قبل پنجاب کنگز نے 4 لاکھ 67 ہزار ڈالر میں خریدا تھا، تاہم وہ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور سات میچوں میں محض 48 رنز اور چار وکٹیں لے سکے، جس کے بعد انگلی کی چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

گلف نیوز کے مطابق میکسویل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ آئی پی ایل کے کئی یادگار سیزنز کے بعد میں نے اس سال نیلامی میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میرے لیے ایک بڑا فیصلہ ہے، مگر میں اس لیگ کی ہر یاد اور تجربے کے لیے بے حد شکر گزار ہوں۔

میکسویل، جو جارحانہ بلے بازی اور آف اسپن بولنگ کے باعث منفرد پہچان رکھتے ہیں، انھوں نے 2012 سے اب تک 141 آئی پی ایل میچوں میں 2,819 رنز 23.88 کی اوسط سے اسکور کیے اور 41 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2013 میں ممبئی انڈینز کی جانب سے ٹائٹل جیتنے والی اسکواڈ کا بھی حصہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایل نے مجھے ایک کرکٹر اور انسان دونوں حیثیتوں سے نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مجھے عالمی معیار کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے، بہترین فرنچائزز کی نمائندگی کرنے اور بے مثال جذبے والے شائقین کے سامنے کھیلنے کا موقع ملا۔ بھارت کی توانائی، چیلنجز اور یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔

آخر میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی محبت اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ، امید ہے جلد دوبارہ ملاقات ہوگی۔

Similar Posts