پاکستان سپر لیگ نے لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 7 دسمبر کو خصوصی روڈ شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقینِ کرکٹ کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ نے دنیا کی دلچسپ اور تجارتی طور پر مضبوط ٹی ٹوئنٹی لیگوں میں تیزی سے اپنی پہچان بنائی ہے۔
دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے منصوبے پر برطانیہ میں ممکنہ مالکان اور سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے، جو لیگ کی بین الاقوامی مقبولیت اور برطانیہ میں کرکٹ اسٹیک ہولڈرز کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ لارڈز میں یہ روڈ شو پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر بلند کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں کی نئی ٹیموں میں دلچسپی پی ایس ایل میں بین الاقوامی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے اور یہ ایونٹ عالمی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبے پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ لیگ نے دنیا بھر میں اپنی دلچسپی اور تجارتی قدر کے ساتھ عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کے طور پر خود کو منوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لارڈز میں روڈ شو سرمایہ کاروں کو لیگ کے مستقبل کے منصوبوں سے قریب لانے اور دو نئی ٹیموں کے اضافے سے پیدا ہونے والے مواقع دکھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس خصوصی ایونٹ میں 30 سپر فینز کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ ٹکٹس سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔