ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں ٹرک، ٹریلر، ٹینکر اور ڈمپر کی جانب سے شہریوں کی جانیں لینے کا سلسلہ جاری ہے، آج ملیر میں کالا بورڈ نہال اسپتال کے قریب بارہ ویلر ٹرک نے بائیک سوار کو کچل دیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ نجیب اللہ کے نام سے کی گئی جو موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
سعود آباد تھانے کے ہیڈ محرر سمیع نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرک اور متوفی کی موٹر سائیکل کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ پولیس ٹرک ڈرائیور کا سراغ لگا کر اس گرفتار کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
متوفی نوجوان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ نجیب اللہ 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا جو کہ برف ڈپو پر ملازمت کرتا تھا ، متوفی غیر شادی شدہ اور اس کا آبائی تعلق پشین سے بتایا جاتا ہے۔