سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات منتقلی کی اپیلیں نمٹادیں، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب پر جرمانہ برقرار

0 minutes, 0 seconds Read

سپریم کورٹ نے اے ٹی سی راولپنڈی کے جج سے 9 مئی کے مقدمات کی منتقلی سے متعلق اپیلیں نمٹا دیں۔

عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو کیا گیا 22 لاکھ روپے کا جرمانہ برقرار رکھا۔

دوران سماعت دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا، مسئلہ ہائیکورٹ کے ریمارکس اور جرمانے کا ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ پراسیکیوٹر جنرل اور اے ٹی سی جج کے کیریئر پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پورا صوبہ چلانا ہوتا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے جج کے خلاف ریفرنس پر حکومت کو پیغام دینا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو پیغام دے دیا جس سے ایڈمنسٹریٹو جج نے بھی اتفاق کیا، ہائی کورٹ کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، جرمانے ادا کر دیں یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں۔

پنجاب حکومت نے سابق اے ٹی سی جج راولپنڈی اعجاز آصف کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے ریفرنس اور مقدمہ منتقلی کی درخواست خارج کر دی تھی، پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اگر کوئی ملزم ضمانت کا غلط استعمال کرے توقانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، چیف جسٹس

دوسری جانب 9 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے وکیل پنجاب حکومت کو غور کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ درست ہے ضمانت کے فیصلوں میں بعض عدالتی فائینڈنگ درست نہیں، ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں ٹرائل کاروائی مکمل کرنے کا کہہ دیتے ہیں، ٹرائل عدالت ہر 15 روز کی پیشرفت رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کرے گی۔

وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ 9 مئی کو کیا ہے مختصر بریف تیار کیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ معتلقہ مواد کا انتظار تھا لیکن ملا نہیں ہوا۔

وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ ٹرائل عدالت نے ضمانت کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سوچ لیں ہم تین ماہ میں ٹرائل مکمل کا آرڈر کر دیتے ہیں، اگر کوئی ملزم ضمانت کا غلط استعمال کرے توقانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

بعدازاں عدالت نے 9 مئی ملزمان ضمانت منسوخی کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ تک ملتوی کردی۔

Similar Posts