نیشنل گیمز میں گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم بھی ایکشن میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ریاض میں اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے جیولن تھرور ارشد ندیم کل اپنے کوچ سلمان بٹ کے ساتھ کراچی پہنچیں گے۔
اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے محمد یاسر سلطان بھی نیشنل گیمز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
دونوں کھلاڑیوں کا تعلق واپڈا سے ہے اور دونوں ایک دوسرے کے سخت حریف تصور کیے جارہے ہیں۔
نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب 6 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ان گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کریں گے۔
نیشنل گیمز میں جیولین تھرو کا ایونٹ 8 دسمبر کو رکھا گیا ہے۔
اس دن ارشد ندیم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ارشد ندیم اپنے محکمے کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔