پاکستان میں لباس کے نئے ٹرینڈز؛ 2025 میں فیشن کیسا رہا؟

پاکستان میں فیشن کا انداز ہمیشہ اور موسم کے لحاظ سے بدلتا رہتا ہے، تاہم 2025ء میں لباس کے ٹرینڈز کو ایک نئی جہت ملی ہے۔

بدلتے موسم، ذوق اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات نے فیشن کی دنیا میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کردی ہیں۔ نوجوان ہوں یا خواتینِ خانہ، ہر کوئی ایسے لباس چاہتا ہے جو نہ صرف اسٹائلش ہوں بلکہ روزمرہ زندگی میں پریکٹیکل بھی ہوں۔ اسی وجہ سے رواں سال کے ٹرینڈز میں لباس نہ صرف خوبصورت ہیں بلکہ آرام دہ اور استعمال میں آسان بھی ہیں۔

سب سے پہلے اگر رنگوں کے انتخاب کی بات کی جائے  تو اس سال ہلکے اور ملائم شیڈز دوبارہ مقبول ہوئے ہیں۔ خاص طور پر پیسٹل پنک، سی گرین، لائٹ بلیو اور خاکی رنگ نوجوان لڑکیوں کی اولین پسند رہے۔ دوسری جانب خواتین میں آف وائٹ، بیج اور میوٹڈ گولڈ شیڈز کی مانگ بڑھ رہی ہے، کیونکہ یہ رنگ ہر طرح کی تقاریب اور روزمرہ دونوں میں آرام سے پہنے جا سکتے ہیں۔

2025 میں لباس کے حوالے سے کٹ لائنز بھی خاصی تبدیل ہوئی ہیں۔ جہاں گزشتہ سال اوور سائزڈ شلوار قمیص اور میکسیز کا فیشن رواں تھا، وہیں اس سال فیشن زیادہ اسمارٹ کٹ اور فلوئی فٹنگ کی طرف راغب رہا۔ کمر پر ہلکی فٹنگ، بازوؤں پر لوز اسٹائل اور قمیص میں فرنٹ اوپن ڈیزائن تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ 

لڑکیوں میں شارٹ فراکس اور ٹراؤزرز کے ساتھ پہننے والے کو۔آرڈ سیٹس بھی بہت ٹرینڈ میں آ گئے، کیونکہ یہ نہ صرف ماڈرن تاثر دیتے ہیں بلکہ پہننے میں بے حد آرام دہ بھی ہیں۔

کڑھائی اور آرٹ ورک میں اس سال کم مگر نمایاں ڈیزائن سب سے زیادہ پسند کیے گئے۔ رنگین دھاگے کی باریک کڑھائی، شیفون پر لائن اسٹون ورک اور لان کے لباس پر ڈیجیٹل پرنٹس دوبارہ فیشن میں آ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خطاطی یا ثقافتی پیٹرن سے مزین لباس بھی نوجوان نسل میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں کیونکہ یہ روایتی اور جدید فیشن کے امتزاج کی بہترین مثال ہیں۔

پاکستانی فیشن میں 2025ء  کا ایک اور بڑا ٹرینڈ کمفرٹ بیسڈ فیشن رہا۔ یعنی لوگ اب ایسے کپڑے خریدنا چاہتے ہیں جنہیں آفس، کیمپس اور گھریلو تقریبات میں باآسانی پہنا جا سکے۔ اسی لیے لان، کاٹن نیٹ اور نرم شیفون جیسا ہلکا پھلکا میٹریل سب سے زیادہ استعمال ہو رہا ہے۔ ان کپڑوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ موسم کی شدت میں بھی آرام دہ رہتے ہیں۔

فیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال ری سائیکلڈ فیبرک اور ماحول دوست مواد کا استعمال بھی بڑھا ہے۔ پاکستانی ڈیزائنرز اب پائیدار فیشن کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں، جو مستقبل میں ایک بڑا ٹرینڈ بن سکتا ہے۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو 2025ء  کے فیشن میں سادگی، خوبصورتی، آرام اور جدید انداز(یعنی آل ان ون) شامل رہے۔ پاکستانی خواتین اور نوجوان نئے رنگ، نئے اسٹائل اور نیا اعتماد لے کر فیشن کو مزید منفرد بنانے کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔

Similar Posts