شمالی وزیرستان انتظامیہ نے پیشی کے لیے بنوں جانے سے انکار کرتے ہوئے اسے سیکیورٹی رسک قرار دے دیا۔
دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیش نظر شمالی وزيرستان انتظامیہ نے بنوں میں قائم ضلعی عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کردیا۔ اس حوالے سے انتظامیہ کے ملازمین نے متفقہ قرارداد بھی منظور کرلی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ شاہ ولی وزیر عدالتی پیشی کے لیے بنوں جارہے تھے اور راستے میں اسکواڈ سمیت شہید کردیے گئے ۔ بنوں میں قائم شمالی وزیرستان کی ضلعی عدالتوں میں پیشی ملازمین کے لیے بڑا سیکیورٹی رسک ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک ضلعی عدالتیں میران شاہ منتقل نہیں ہوتیں تب تک ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کسی بھی عدالتی کارروائی کے لیے بنوں نہیں جائیں گے۔