تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب واقع مدرسے کے طالبعلم کو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں نے اغواء کرلیا، مدرسہ انتظامیہ کی جانب سے ایس ایس پی ملیر آفس میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست گزار مفتی سید عبدالحق شاہ کے مطابق طالبعلم سلیم خان 20نومبر کی صبح چھٹی لیکر اہلخانہ سے ملاقات کے لیے گاؤں گیا، 25 نومبر کو ایک نامعلوم واٹس ایپ نمبر سے سلیم خان کی آڈیو کال موصول ہوئی جس میں طالب علم نے بتایا کہ اسے کچے کے ڈاکوؤں نے اغواء کرلیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ڈاکوؤں کی جانب سے طالب علم پر تشدد بھی کیا جا رہا ہے، 3 دسمبر کو ایک مرتبہ پھر واٹس ایپ سے طالب علم کی ہتھکڑی لگی تصویر بھیجی گئی، مغوی طالبعلم کے خاندان کے دیگر افراد دبئی میں مقیم ہیں جبکہ کچے کے ڈاکوؤں نے طالبعلم کی بازیابی کے لیے 50لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا ہے۔
درخواست گزار مفتی سید عبدالحق شاہ کی جانب سے اعلیٰ پولیس افسران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے درخواست ہے کہ طالبعلم کو بازیاب کروایا جائے۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیر زادہ کے مطابق نوجوان کے اغواء کے کیس پر کام کر رہے ہیں، فی الحال یہ تعین نہیں ہوا کہ اسے کس جگہ سے اغواء کیا گیا، موبائل فونز لوکیشنز اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ عینی شاہدین اور دیگر قریبی افراد کے بیانات لیکر قانون کارروائی کو مکمل کیا جائے گا، اگر ضرورت پڑی تو دیگر اداروں سے بھی مدد لیں گے۔