یشما گل کا شمار پاکستان کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور وہ انسٹاگرام پر 1.6 ملین سے زائد فالوورز رکھتی ہیں۔ انہوں نے ’’اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے، کس دن میرا ویاہ ہو گا، صدقے تمہارے، بے باک، تیرے عشق کے نام، پھانس اور حق مہر‘‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یشما گل کو شوبز انڈسٹری کی خوش مزاج شخصیت سمجھا جاتا ہے اور وہ اکثر دوستوں کی تقریبات میں شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
حال ہی میں وہ اپنی قریبی دوست گلالئی اور علی کی میوزیکل نائٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے زرمینے اور اداکارہ زویا ناصر سمیت دیگر دوستوں کے ساتھ پرفارم کیا۔
View this post on Instagram
تقریب کے موقع پر یشما گل نے گہرے سبز رنگ کا خوبصورت اور بھاری کام والا لہنگا زیب تن کیا، جبکہ ان کے بال آدھے کھلے ہوئے تھے۔ یشما گل اور زرمینے نے مقبول پاکستانی گانے “گال سن” پر ڈانس کیا، اس کے علاوہ یشما گل نے گرو رندھاوا کے گانے “سیرا” پر بھی پرفارمنس دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان ڈانس ویڈیوز نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، کچھ مداحوں نے یشما گل کی انرجی اور دوستانہ ماحول کو سراہا، وہیں متعدد صارفین نے ان کے ڈانس پر تنقید بھی کی۔
ایک صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’’انہیں نہ ڈانس آتا ہے اور نہ شرم‘‘۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’’پتا کرو یہ مخلوق کس چڑیا گھر سے بھاگی ہے۔‘‘ ایک صارف نے تبصرے میں لکھا کہ ’’ یہ کیسے مردانہ مووز ہیں‘‘۔
تاہم کئی مداحوں نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈانس کو تفریح کے طور پر ہی دیکھا جانا چاہیے۔