ایشیز سیریز: اپنا ریکارڈ توڑنے پر وسیم اکرم کی مچل اسٹارک کی تعریف

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے سابق کپتان و سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا مشکل ترین ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بطور ‘لیفٹ آرم پیسر ‘کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اسٹارک نے یہ سنگِ میل انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد وسیم اکرم کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

میچ کے دوران مچل اسٹارک نے پہلے انگلیڈ کے بیٹرز بین ڈکٹ اور اولی پوپ کو آؤٹ کیا، جس کے بعد ہیری بروک کو پویلین بھیج کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی اسٹارک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ شکار کرنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

میچ کے اس مرحلے میں ان کی شاندار بولنگ نے آسٹریلیا کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی ہے۔

اسٹارک نے وسیم اکرم کا ریکارڈ 102 میچز میں توڑا۔ مچل اسٹارک ٹیسٹ نے کرکٹ میں 415 وکٹیں لے کر وسیم اکرم کا 414 وکٹوں کا ریکارڈ توڑا ہے۔ وسیم اکرم کی جانب سے 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کی گئی تھیں۔

ایشیز سیریز کے آغاز کے بعد سے وہ شاندار فارم میں ہیں۔ پرتھ میں کھیلے گئے ایشیز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسٹارک نے پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسری اننگز میں تین مزید کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز مچل اسٹارک نے شاندار آغاز کیا اور دن کے پہلے ہی اوور میں بین ڈکٹ کو مشکلات میں ڈال کر پہلی ہی گیند پر سلپس میں کیچ کروایا۔ اولی پوپ کا قیام بھی زیادہ دیر تک جاری نہ رہ سکا اور وہ اپنی وکٹ اسٹارک کو دے بیٹھے، جس کے ساتھ ہی اسٹارک وسیم اکرم کے مساوی ہو گئے۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے جو روٹ کو بھی ایک بار پھر مشکل میں ڈالا اور انہیں سلپس میں کیچ کرا سکتے تھے، مگر اس موقع پر قسمت انگلش بیٹر کے ساتھ تھی۔ اس کے بعد اسٹارک کو کافی دیر تک انتظار کرنا پڑا کیونکہ زیک کرالی اور روٹ نے انگلینڈ کی اننگز کو سہارا دیا۔

وقفے سے قبل اسٹارک کا مختصر اسپیل رہا، لیکن دوسرے سیشن میں جب انہیں دوبارہ گیند ملی تو وہ مکمل ردھم میں نظر آئے۔

ہیری بروک نے اسٹارک کو بہت اچھی طرح کھیلا، مگر ایک شاٹ کھیلتے ہوئے سیدھا اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے، جس کے ساتھ ہی اسٹارک نے یہ تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے ایشیز سیریز میں وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے پر سابق پاکستانی کپتان کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ، سپر اسٹارک! مجھے آپ پر فخر ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آپ کی شاندار محنت نے آپ کو سب سے منفرد بنا دیا ہے، اور یہ تو صرف وقت کی بات تھی کہ تم میری وکٹوں کی تعداد بھی پار کر جاؤ۔ مجھے خوشی ہے کہ میں یہ اعتراف تمہیں پیش کر رہا ہوں! اسی طرح آگے بڑھتے رہو اور اپنے شاندار کیریئر میں نئی بلندیاں چھوتے رہو۔“

Similar Posts