فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو عبرتناک شکست دی، وزیراعظم کی چیف آف ڈیفنس کی تقرری پر مبارک باد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکۂ حق میں شاندار کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا اور ہمارے عالمی عزت میں اضافہ ہوا۔ 

وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو  کو بھی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے معرکۂ حق میں شاندار پیشہ ورانہ کا صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے جنگی ہوائی جہاز تباہ کیے اور دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی و خوشحالی کے لئے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے اور ملک کے دفاع کو مل کر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
 

Similar Posts