اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے 2 لڑکیوں کی ہلاکت، جج کے بیٹے کو متاثرہ فیملیز نے معاف کردیا

وفاقی دارالحکومت میں جج کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے دو لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس میں متاثرہ فیملی نے ملزم کو معاف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جج کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے دو بچیوں کی ہلاکت کے کیس کی سماعت میں بڑی پیش رفت ہوئی۔

جج کے بیٹے اور متاثرہ فیملی کے درمیان صلح ہوگئی اور متاثرہ فیملیز نے جج کے بیٹے ابو ذر کو معاف کر دیا۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں متاثرہ فیملی نے بیان دیا جس کے بعد عدالت نے ملزم ابوذر کی ضمانت منظور کر کے اُسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایک متوفیہ لڑکی کا بھائی کورٹ میں بیان دینے آیا جبکہ والدہ نے آن لائن بیان ریکارڈ کراوایا جبکہ دوسری لڑکی کے والد نے عدالت میں جج کے سامنے بیان ریکارڈ کروایا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی اہم شاہراہ پی ٹی وی چوک پر پر تیز رفتار ڈرائیور نے اسکوٹی پر سوار دو خواتین کو زور دار ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں ایک لڑکی موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری اسپتال منتقلی کے بعد دم توڑ گئی تھی۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا اور عدالت میں پیش کیا جس پر اُسے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

Similar Posts