غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن کے دستخط سے سرکاری ویب سائٹ پرجاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ روسی حکومت نے کینیڈا، فرانس اور پرتگال کے ساتھ فوجی تعاون کے تین معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سوویت یونین کی حکومت اور کینیڈا کی حکومت کے درمیان فوجی نوعیت کے دوروں سے متعلق معاہدے پر دستخط 20 نومبر 1989 کو ماسکو میں ہوا، روسی فیڈریشن کی حکومت اور فرانس کی حکومت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ 4 فروری 1994 کو ماسکو میں ہوا اور روسی فیڈریشن کی حکومت اور جمہوریہ پرتگال کی حکومت کے درمیان فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط 4 اگست 2000 کو ماسکو میں ہوئے تھے۔
روسی حکومت کے حکم نامے میں مذکورہ معاہدوں کا حوالہ دے کر کہا گیا ہے کہ اب ان سب معاہدوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کینیڈا، فرانس اور پرتگال کو حکومت کے اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔