پولیس ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیاں مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ راہوکی پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان زرداری فارم راہوکی کے قریب ہوا۔
پولیس کی جانب سے روکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
گرفتار زخمی ملزم کی شناخت اصغر علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دوسرا مبینہ مقابلہ مکی شاہ پولیس کے ساتھ کینٹ قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک اور زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت رضا محمد ساکن ٹنڈوالہیار کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیوں کے بعد ملزمان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔