کے الیکٹرک اور کانٹریکٹر کے درمیان ادائیگی کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، تنازع پھر عدالت میں پہنچ گیا

کے الیکٹرک اور کانٹریکٹر کے درمیان ادائیگی کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، تنازع ایک بار پھر عدالت میں پہنچ گیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے نیو جام صادق برج کی تعمیر کے دوران کے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر کی منتقلی کے تنازعے سے متعلق درخواست پر تعمیرات کو گرانے سے روک دیا۔

ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو نیو جام صادق برج کی تعمیر کے دوران کے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر کی منتقلی کا  تنازعہ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

کے الیکٹرک کے وکیل بیرسٹر ایان میمن نے موقف دیا کہ کسی بھی منصوبے کی تعمیر سے قبل یوٹیلیٹی انفراسٹرکچر کی منتقلی کی جاتی ہے۔

کے الیکٹرک اور کانٹریکٹر کے درمیان انفراسٹرکچر کی منتقلی کے لئے معاہدہ طے پایا تھا۔ کے الیکٹرک کے پول کو نقصان پہنچنے سے مہران ٹاؤن اور اطراف تین روز تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، کانٹریکٹر کےچیک باؤنس ہوگئے ہیں۔

انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے سے انڈسٹریل ایریا و دیگر علاقے متاثر ہونگے۔ عدالت نے کے الیکٹرک کا انفراسٹرکچر محفوظ رکھتے ہوئے پرانی تعمیرات کو گرانے سے روک دیا، عدالت نے ڈی جی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا۔

Similar Posts